ورلڈکپ کے لیے اپنی پسندیدہ ٹیم منتخب کرنے کا سلسلہ زوروشور سے جاری ہے۔ مایہ ناز سابق آسٹریلوی سابق لیگ اسپنر شین وارن نے بھی اس دوڈ میں شامل ہو کر ورلڈکپ کے لیے اپنی پسندیدہ آسٹریلوی ٹیم کا اعلان کر دیا۔ شین وارن کی منتخب کردہ ٹیم پر کرکٹ شائقین حیران ہیں کیونکہ انھوں نے عثمان خواجہ کو اپنی ٹیم شامل نہیں کیا جو رواں سال آسٹریلیا کے لیے سب سے کامیاب ون ڈے پلئیر ثابت ہوئے ہیں۔
کپتان ایرون فنچ بھی اس وقت زبردست فارم میں ہیں اور اپنی ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کر رہے ہیں مگر شین وارن نے ان کو پہلے نمبر سے تیسرے نمبر پر پہنچا دیا جبکہ اوپننگ کے لیے ڈارسی شارٹ اور ڈیوڈ وارنر کو منتخب کیا۔ ان کی ٹیم میں اسٹیو اسمتھ، گلین میکسویل، مارکس اسٹوئنس، ایلکس کیری، پیٹ کمنز، مچل اسٹارک، جھے رچرڈسن اور ایڈم زامپا بھی شامل ہیں۔
ٹیم کے دیگر چار کھلاڑیوں میں انھوں نے شان مارش، نیتھن لائن، ایشٹن ٹرنر اور کولٹرنائل کو رکھا۔ شین وارن نے ورلڈکپ ٹیم بتانے سے پہلے کہا تھا کہ میگا ایونٹ کے لیے انگلینڈ کی کنڈیشنز کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹیم منتخب کرنی چاہیئے۔