ورلڈکپ سے پہلے پی سی بی کی جانب سے 23 ممکنہ کھلاڑیوں کو فٹنس ٹیسٹ کے لیے بلایا گیا ہے۔ فٹنس ٹیسٹ 15 اور 16 اپریل کو لاہور میں ہوں گے۔ اس مشکل مرحلے میں کامیابی کے لیے قومی کرکٹرز کی انفرادی طور پر تیاریاں جاری ہیں۔ ورلڈکپ کے ممکنہ اسکواڈ میں شامل کئی کرکٹرز نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ٹریننگ کر رہے ہیں جن میں بابر اعظم، امام الحق، شاداب خان، محمد عامر، عماد وسیم اور محمد حسنین شامل ہیں۔
پی سی بی ترجمان نے بتایا کہ قومی سلیکشن کمیٹی پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام ہونے والے فٹنس ٹیسٹ کے بعد دورہ انگلینڈ اور ورلڈکپ کے لیے قومی ٹیم کا اعلان 18 اپریل کو لاہور میں کرے گی۔ عین ممکن ہے کہ فٹنس ٹیسٹ کے لیے طلب کیے گئے 23 کھلاڑیوں کے علاوہ پاکستان کپ میں عمدہ کارکردگی دکھانے والے کرکٹرز کو بھی مدعو کیا جائے۔