Recently Finished
Live Cricket
Upcoming Matches
View All Matches

چیف سلیکٹر انضمام الحق کی کرسی بھی خطرے سے باہر نہیں ہے۔ ورلڈکپ میں ٹیم کے نتائج توقعات کے مطابق نہ ہوئے تو معاہدے میں توسیع نہیں ہو گی۔ انضمام الحق کو 2016 میں قومی کرکٹ ٹیم کا چیف سلیکٹر مقرر کیا گیا تھا۔ ان کے دور میں ٹیم کی کارکردگی ملی جلی رہی البتہ چیمپئنز ٹرافی کی فاتح ٹیم انھوں نے ہی منتخب کی تھی۔ ورلڈکپ کیلئے اسکواڈ کا اعلان 18 اپریل کو ہونا ہے، اس کے بعد اگلی سیریز تک انضمام الحق کا پی سی بی سے معاہدہ ختم ہو جائے گا۔
ذرائع نے بتایا کہ بورڈ حکام چیف سلیکٹر کے کام سے زیادہ مطمئن نہیں ہیں۔ ان پر مختلف حلقوں کی جانب سے اقربا پروری سمیت کئی باصلاحیت کرکٹرز کو نظرانداز کرنے کے الزامات لگتے رہتے ہیں۔ آسٹریلیا سے یو اے ای میں ون ڈے سیریز کیلئے کپتان سرفراز احمد سمیت کئی سینیئر کھلاڑیوں کو آرام کروانے اور پھر 0-5 سے شکست پر بھی وہ میڈیا کی تنقید کا نشانہ بنے۔
ایم ڈی وسیم خان ڈھکے چھپے الفاظ میں واضح کر چکے کہ سلیکشن کمیٹی کے کنٹریکٹ میں توسیع کا انحصار ورلڈکپ میں ٹیم کی پرفارمنس پر ہے۔ سلیکشن کمیٹی میں توصیف احمد، وسیم حیدر اور وجاہت اللہ واسطی بھی شامل ہیں۔