بھارتی ٹیم کے مایہ ناز سابق بیٹسمین سنیل گواسکر نے لوکیش راہول کو بھارتی ورلڈکپ ٹیم میں شامل کرنے کی تجویز دے دی۔ بھارتی کپتان ویرات کوہلی پہلے ہی بتا چکے ہیں کہ ورلڈکپ میں نمبر چار پر جو بیٹسمین کھیلے گا اس کا فیصلہ نہیں کیا گیا جس پر سنیل گواسکر کا کہنا ہے نمبر چار پر لوکیش راہول کو کھیلانا بہترین فیصلہ ہو گا۔
انھوں نے کہا کہ ورلڈکپ سے پہلے بھارتی ٹیم کوئی ون ڈے میچ نہیں کھیلے گی، ورلڈکپ میں جس کھلاڑی کو کھیلانا ہے اس کی سلیکشن آئی پی ایل کی کارکردگی کی بنیاد پر ہونی چاہیئے۔ سنیل گواسکر نے کہا کہ نمبر چار پر کھیلنے کے لیے لوکیش راہول سب سے بہترین بیٹسمین ہیں جبکہ ضرورت پڑنے پر وہ اوپننگ بھی کر سکتے ہیں۔
لوکیش راہول آئی پی ایل کے رواں سیزن میں کنگز الیون پنجاب کی نمائندگی کر رہے ہیں جہاں انہوں نے آٹھ میچوں میں 67 کی اوسط سے 335 رنز بنائے ہیں۔ وہ ڈیوڈ وارنر کے بعد دوسرے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمین ہیں۔