سری لنکا کرکٹ بورڈ کے صدر شامی سلوا نے ٹیسٹ سیریز کے لیے اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے کی خبروں کی تردید کر دی ہے۔ ایک مقامی اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے شامی سلوا نے کہا کہ دونوں ممالک کے بورڈز میں اس حوالے سے کوئی بات چیت نہیں ہو رہی جب ہو گی تو سب کو بتا دیں گے۔ گزشتہ دنوں پاکستان میں سامنے آنے والی میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ سری لنکن بورڈ نے ٹیسٹ سیریز کے لیے اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے کی حامی بھر لی ہے۔ 2009 میں سری لنکن ٹیم پر لاہور میں ہونے والے دہشتگردانہ حملے کے بعد سے پاکستان نے کسی بھی ٹیسٹ میچ کی میزبانی نہیں کی۔ اس کے بعد سے پاکستان کو اپنی تمام ہوم سیریز متحدہ عرب امارات میں کھیلنی پڑیں۔ یو اے ای میں سیریز کے انعقاد پر پی سی بی کی خطیر رقم خرچ ہوتی ہے اور اسی وجہ سے بورڈ غیرملکی ٹیموں کو پاکستان آ کر کھیلنے کے لیے آمادہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔