ورلڈکپ اسکواڈ میں جگہ بنانے کے لیے پاکستان کے آل راؤنڈر محمد حفیظ نے فٹنس ٹیسٹ پاس کر لیا ہے جس میں دو کلو میٹر رننگ ٹیسٹ بھی شامل تھا جو ان کی بڑی کامیابی تصور کی جا رہی ہے۔ پاکستان سپر لیگ کے آغاز میں ہی محمد حفیظ اپنا انگوٹھا زخمی کروا بیٹھے تھے جس وجہ سے وہ پی ایس ایل سے باہر ہو گئے تھے۔ اسی وجہ سے وہ لگ بھگ 6 ہفتے تک کرکٹ سے بھی دور رہے۔ ان حالات میں محمد حفیظ نے ورلڈکپ ٹیم کا حصہ بننے کے لیے 'یویو ٹیسٹ' دیا جس میں وہ کامیاب رہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ محمد حفیظ کو میگا ایونٹ کھیلنے کا موقع ملے گا یا نہیں۔ کرکٹ ماہرین سینئیر کھلاڑی محمد حفیظ کی ورلڈکپ ٹیم میں شمولیت کو اہم قرار دے رہے ہیں۔