بھارتی کرکٹ بورڈ نے اپنے 15 رکنی ورلڈکپ اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے جس کے بعد تبصروں اور تنقید کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔ انگلینڈ کے سابق کپتان مائیکل وان، ریشب پانٹ کی حمایت میں بول پڑے اور بیٹسمین کو منتخب نہ کرنے پر بھارتی بورڈ کو "پاگل دیوانہ" کہہ ڈالا۔
گزشتہ کافی عرصہ سے وکٹ کیپر بیٹسمین ریشب پانٹ عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں اسی لیے ان کو دھونی کا متبادل تصور کیا جا رہا تھا مگر ورلڈکپ اسکواڈ کا حصہ نہ بننے پر شائقین کرکٹ کافی حیران ہیں۔
اس حوالے سے سوالات اٹھائے جا رہے ہیں اور یہ بھارتی بورڈ کی بڑی غلطی بھی قرار دی جا رہی ہے۔ ریشب پانٹ 9 ٹیسٹ، 5 ون ڈے اور 15 ٹی ٹوئنٹی میچز میں بھارت کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ ریشب پانٹ کی جگہ دینش کارتھک کو ورلڈکپ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔