آئی پی ایل میں راجستھان رائلز اور چنائی سپر کنگز کے درمیان ہونے والے میچ میں نو بال تنازع پر مہند سنگھ دھونی گراونڈ میں آ گئے تھے اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر انھیں جرمانہ بھی کیا گیا تھا۔ تنازع کی اصل وجہ یہ تھی کہ کمر سے اوپر گیند ہونے کی وجہ سے بولر اینڈ پر کھڑے امپائر نو بال دے چکے تھے لیکن لیگ امپائر نے نو بال دینے سے انکار کر دیا تھا۔
کرکٹ قوانین بنانے والے میری لیبون کرکٹ کلب (ایم سی سی) نے اس حوالے سے وضاحت پیش کر دی ہے۔ ایم سی سی کے مطابق بولر اینڈ پر کھڑا امپائر بھی کمر سے اونچی گیند کو نو بال قرار دے سکتا ہے اور اس کا فیصلہ حتمی ہوتا ہے۔
ایم سی سی نے موقف اختیار کیا کہ فیصلے سے قبل فیلڈ میں موجود لیگ امپائر سے مشاورت صرف تصدیق کے لیے کی جاتی ہے لیکن حتمی فیصلہ بولر اینڈ پر موجود امپائر کو ہی کرنا ہوتا ہے۔