پاکستان کے آل راؤنڈر انور علی کا لندن میں کامیاب آپریشن ہو گیا ہے اور اب وہ تیزی سے صحتیاب ہو رہے ہیں۔ پی ایس ایل کی فاتح ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرنے والے انور علی کا آپریشن معروف اسپورٹس سرجن پروفیسر جیمز کلیڈر نے کیا۔ انور علی اس پی ایس ایل میں انجری مسائل سے دوچار رہے اور کوئٹہ کی جانب سے تمام میچز نہیں کھیل سکے تھے۔ آپریشن کے بعد امید ہے کہ وہ چار سے چھ ہفتے آرام کے بعد مکمل فٹ ہو جائیں گے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک ندیم عمر، مینجر اعظم خان اور دیگر نے انور علی کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انور علی نے 22 ون ڈے اور 16 ٹی ٹوئنٹی میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی ہے اور وہ 2016 کے بعد سے پاکستان ٹیم سے باہر ہیں۔