بھارتی ٹیم کے کوچ روی شاستری نے کہا ہے کہ ورلڈکپ کے لیے بھارت کی جو ٹیم منتخب کی گئی ہے اس میں میری کوئی رائے شامل نہیں ہے۔ ایک انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے روی شاستری نے بتایا کہ ورلڈکپ اسکواڈ کے لیے جو بھی میٹنگز ہوئیں ان میں وہ شامل نہیں تھے۔ روی شاستری نے کہا اگر میری کوئی رائے ہوتی تھی تو میں کپتان ویرات کوہلی سے اس معاملے پر بات کر لیتا تھا اور پھر کوہلی اسے سلیکشن کمیٹی کے سامنے رکھتے تھے۔
اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی کو 15 کی بجائے 16 رکنی ٹیم کی اجازت دینی چاہیئے تھی۔ بھارتی کوچ نے کہا کہ جو کھلاڑی ورلڈکپ اسکواڈ میں جگہ نہیں بنا سکے انہیں افسردہ ہونے کی بجائے محنت کرنی چاہیئے۔ روی شاستری نے مزید کہا کہ گزشتہ پانچ برسوں میں بھارتی ٹیم ہر ایونٹ میں ٹاپ کی ٹیم رہی ہے، اس مرتبہ بھی امید ہے کہ ٹیم اچھا پرفارم کرے گی اور تیسری بار ورلڈ چیمپئن بننے کا اعزاز اپنے نام کرے۔