ورلڈکپ کے لیے انگلینڈ کی 15 رکنی ٹیم میں کا اعلان کر دیا گیا ہے جس میں نوجوان فاسٹ بولر جوفرا آرچر شامل نہیں ہیں لیکن پاکستان کیخلاف ون ڈے سیریز کیلئے انگلینڈ کے 17 رکنی اسکواڈ میں جوفرا آرچر اور کرس جورڈن کو شامل کیا گیا ہے۔ جوفرا آرچر نے انگلینڈ کی ڈومیسٹک کرکٹ اور لیگز میں شاندار کارکردگی دکھا کر سلیکٹرز کو خوب متاثر کیا ہے۔
آئی پی ایل میں ان کی پرفارمنس دیکھ کر قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں کہ جوفرا آرچر ورلڈکپ کے لیے انگلینڈ کی ٹیم میں جگہ بنا لیں گے، ورلڈکپ اسکواڈ میں شامل ہونے کے لیے جوفرا آرچر کا امکان ابھی بھی موجود ہے۔ فاسٹ بولر آئرلینڈ اور پاکستان کے خلاف اچھی کارکردگی دکھا کر ورلڈکپ ٹیم میں جگہ حاصل کر سکتے ہیں۔
سابق انگلش کپتان مائیکل وان نے ٹیم کے اعلان کے بعد کہا ہے یہ ابتدائی اسکواڈ ہے، ورلڈکپ کے حتمی اسکواڈ میں جوفرا آرچر یقیناً شامل ہوں گے۔ جوفرا آرچر آئی پی ایل کے رواں سیزن میں اب تک 10 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔