قومی ٹیم کے سابق کپتان رمیز راجہ نے ورلڈکپ اسکواڈ میں محمد عامر اور آصف علی کو شامل نہ کرنے کے فیصلے کی مخالفت کر دی۔ پاکستان ٹیم کے اعلان کے بعد رمیز راجہ نے ٹویٹر پر اپنے پیغام میں لکھا کہ ٹیم کافی متوازن نظر آ رہی ہے مگر محمد عامر اور آصف علی کو ورلڈکپ اسکواڈ میں شامل نہ کرنے کا فیصلہ درست نہیں ہے، میرے خیال میں دونوں ہی کھلاڑیوں کو میگا ایونٹ کی ٹیم میں شامل کرنا چاہیئے تھا۔
محمد حسنین کی ورلڈکپ ٹیم میں شمولیت پر رمیز راجہ نے کہا کہ انھیں ان کی رفتار کی وجہ سے ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جو کہ درست فیصلہ ہے۔ واضح رہے محمد عامر اور آصف علی کی ورلڈکپ ٹیم میں سلیکشن کے دروازے ابھی بھی بند نہیں ہوئے۔ اگر دونوں کھلاڑی انگلینڈ کے خلاف سیریز میں اچھی کارکردگی دکھانے میں کامیاب ہوئے تو انھیں ورلڈکپ اسکواڈ کا حصہ بنایا جا سکتا ہے۔