پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈکوچ مکی آرتھر ورلڈکپ کے بعد بھی پاکستان ٹیم کے ساتھ کام کرنے کے خواہشمند ہیں۔ ذرائع کے مطابق مکی آرتھر نے ورلڈکپ سے پہلے اپنے معاہدے میں توسیع کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے کرکٹ بورڈ کے اعلی عہدیدار سے ملاقات کر کے باضابطہ طور پر یہ خواہش ظاہر کی لیکن پی سی بی نے اس معاملے پر خاموشی اختیار کی ہوئی ہے۔ مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ پاکستانی ٹیم ٹیلنٹ سے مالامال ہے اور اس کے ساتھ ورلڈکپ کے بعد کام کرنا بھی میرے لیے خوشی کا باعث ہو گا۔ ہیڈکوچ اپنے کئی بیانات میں پہلے بھی کچھ ایسے خیالات کا اظہار کر چکے ہیں۔ مکی آرتھر 2016 کے بعد سے پاکستان ٹیم کے ہیڈکوچ ہے۔ بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور 2014 سے ٹیم کے ساتھ کام کر رہے ہیں، اب انھیں اپنا معاہدے کی معیاد مکمل ہونے کا انتظار ہے اور اس کے بعد وہ اپنی فیملی کے ساتھ وقت گزارنا چاہتے ہیں۔ واضح رہے تمام کوچنگ اسٹاف کا معاہدہ عالمی کپ تک ہے۔