انگلینڈ کے خلاف سیریز اور ورلڈکپ کے لیے منتخب ہونے والے پاکستان ٹیم کے 17 کھلاڑیوں نے کوچنگ اسٹاف کے ہمراہ سابق کپتان اور پاکستان کے موجودہ وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی۔ عمران خان نے میگا ایونٹ میں ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور انھیں کامیابی حاصل کرنے کے گُر بھی بتائے۔ وزیراعظم کو قومی کرکٹرز کا دستخط شدہ بلا اور شرٹ بھی پیش کی گئی۔ اس موقع پر کھلاڑیوں سے گفتگو کرتے ہوئے 1992 ورلڈکپ کے فاتح کپتان نے کہا کہ ٹیم میں شامل نوجوان لیگ اسپنر شاداب خان میگا ایونٹ میں پاکستان کا 'ٹرمپ کارڈ' ثابت ہوں گے۔ انھوں نے شاداب خان سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آپ کی کارکردگی ٹیم کے لیے بہت اہم ہے، آپ کی محنت پاکستان کو ورلڈکپ جتوا سکتی ہے۔ 34 ون ڈے میچز کھیلنے کے بعد شاداب خان 29.40 کی اوسط سے 294 رنز اسکور کر چکے ہیں جبکہ بولنگ میں انھوں نے 47 شکار کیے ہیں۔ ان کی بہترین بولنگ 28 رنز کے عوض چار وکٹیں ہیں۔