ساؤتھ افریقہ کے سابق کپتان اے بی ڈویلیئرز نے گزشتہ سال اچانک ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تو پروٹیاز کی ورلڈکپ تیاریوں کو بڑا جھٹکا لگا۔ اے بی ڈویلیئرز نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ مسلسل کرکٹ کھیلنے کی وجہ سے ان کا جسم تھک چکا ہے اور وہ مداحوں کی بڑھتی ہوئی توقعات کا بوجھ نہیں برداشت کر سکتے۔
انھوں نے کہا تھا کہ بین الاقوامی کرکٹ سے الگ ہونے کے باوجود وہ لیگ کرکٹ کھیلتے رہیں گے۔ اے بی ڈویلیئرز فی الحال آئی پی ایل کھیلنے میں مصروف ہیں۔ اس سے قبل وہ پہلی مرتبہ پاکستان سپر لیگ، بنگلہ دیش پریمیر لیگ اور کیریبین پریمیر لیگ میں بھی ایکشن میں نظر آئے۔
اب ذرائع دعویٰ کر رہے ہیں کہ اگلے سیزن کے لیے بگ بیش لیگ (بی بی ایل) کی کئی ٹیموں نے ڈویلیئرز کو اپنی ٹیم میں شامل کرنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے اور ان کی جانب سے مثبت جواب دیا گیا۔