بھارتی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی ورلڈکپ کے لیے کوئی خفیہ منصوبہ بنا رہے ہیں اور شاید اس لیے وہ اہم سوال کا جواب گول کر گئے۔ ایک ٹوی انٹرویو میں ویرات کوہلی سے سوال ہوا کہ ورلڈکپ میں کون سا بیٹسمین چوتھے نمبر پر بیٹنگ کرے گا تو جواب میں انھوں نے کہا کہ اس کا فیصلہ بعد میں ہو گا۔ ویرات کوہلی نے کہا کہ وجے شنکر کی شمولیت کے باعث ٹیم متوازن ہو گئی ہے مگر ابھی یہ نہیں کہہ سکتے کہ وجے شنکر چوتھے نمبر پر ہی بیٹنگ کریں گے یا نہیں۔ انھوں نے کہا کہ ہم نے نمبر چار پر کئی بیٹسمین آزمائے مگر وجے شنکر کی صورت میں ہمیں ایک بولر، بیٹسمین اور فیلڈر مل گیا ہے۔ ویرات کوہلی نے مزید کہا کہ ان کی خوش قسمتی ہے کہ انھوں نے دھونی کے دور میں اپنا کیریئر شروع کیا، دھونی نے ابتداء میں مشکلات کے باوجود مجھے مواقع دیئے۔ کوہلی نے اپنی فٹنس اور ڈائٹ پلان کو اپنی کامیابی کی وجہ قرار دیا اور کہا کہ وہ ان دونوں چیزوں کا خصوصی خیال رکھتے ہیں۔