پاکستان کے نوجوان فاسٹ بولر میر حمزہ نے سسیکس کی جانب سے کاؤنٹی کرکٹ میں شاندار ون ڈے ڈیبیو کیا ہے۔ انگلینڈ ڈومیسٹک ون ڈے کپ میں سسیکس کی نمائندگی کرتے ہوئے میر حمزہ نے سرے کے خلاف زبردست بولنگ کا مظاہرہ کیا۔ انھوں نے 9 اوورز میں 43 رنز دے کر چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ میر حمزہ نے جیسن روئے، بین فوکس اور ٹوم کرن کی اہم وکٹیں حاصل کیں۔ وہ ڈیبیو پر سسیکس کی جانب سے چار وکٹیں لینے والے پہلے بولر بن گئے ہیں۔ سسیکس کو جیت کے لیے 275 رنز کا ہدف ملا تھا جو ٹیم نے 49ویں اوور کی پہلی گیند پر 8 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ اس سے پہلے میر حمزہ نے چار روزہ کرکٹ کے دو میچز میں سسیکس کی نمائندگی کرتے ہوئے چھ وکٹیں حاصل کیں۔