Recently Finished
Live Cricket
Upcoming Matches
View All Matches

1975 اور 1979 کے ورلڈکپ میں آصف اقبال کو قومی ٹیم کی قیادت کرنے کا اعزاز ملا۔ ان کی کپتانی میں قومی ٹیم پانچ میں سے دو میچز ہی جیت سکی۔ 1983، 1987 اور 1992 کے عالمی کپ میں پاکستان ٹیم کی قیادت کے فرائض عمران خان نے انجام دیے۔ 1983 اور 1987 کے عالمی کپ میں قومی ٹیم سیمی فائنل تک پہنچی جبکہ 1992 میں عالمی چیمپئن بنی۔ عمران خان نے مجموعی طور ورلڈکپ کے 22 میچز میں پاکستان کی قیادت کی جس میں سے گرین شرٹس کو 14 میچز میں کامیابی ملی۔
ورلڈکپ مقابلوں میں وسیم اکرم پاکستان کے دوسرے کامیاب ترین کپتان ہیں۔ وہ 1996 اور 1999 کے ورلڈکپ میں قومی ٹیم کے کپتان تھے۔ وسیم اکرم کی کپتانی میں پاکستان نے 15 میچز کھیلے جس میں سے دس میں قومی ٹیم کامیاب رہی۔ 2003 کے عالمی کپ میں وقار یونس اور 2007 کے میگا ایونٹ میں انضمام الحق قومی ٹیم کے کپتان تھے۔ دونوں مرتبہ پاکستان ٹیم پہلے راؤنڈ سے باہر ہو گئی تھی۔
2011 میں شاہد آفریدی کی قیادت میں کھیلنے والی پاکستانی ٹیم سیمی فائنل تک پہنچی جبکہ 2015 میں مصباح الحق کی کپتانی میں گرین شرٹس کا سفر کوارٹرفائنل مرحلے میں پہنچ کر ختم ہوا۔ آئندہ ماہ انگلینڈ اینڈ ویلز میں شروع ہونے والے ورلڈکپ میں سرفراز احمد قومی ٹیم کی قیادت کریں گے۔