انگلینڈ کیخلاف سیریز اور ورلڈکپ کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے جس میں محمد عامر کو فی الحال انگلینڈ کے خلاف سیریز کے لیے ٹیم میں شامل کیا گیا ہے اور ورلڈکپ ٹیم میں ان کی شمولیت بھی اسی سیریز سے مشروط ہو گی جبکہ دوسری جانب فاسٹ بولر وہاب ریاض کو پاکستان کپ میں اچھی پرفارمنس کے باوجود ٹیم میں جگہ نہیں ملی۔
قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے ٹویٹر پر ورلڈکپ ٹیم کی سلیکشن پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ یقیناََ سلیکشن کمیٹی کو ورلڈکپ کیلئے اسکواڈ منتخب کرنے میں مشکل پیش آئی ہو گی، ان لوگوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں جنہوں نے ٹیم میں جگہ بنائی۔
انھوں نے کہا کہ امید ہے آپ جیت کر وطن واپس لوٹیں گے۔ سابق کپتان نے کہا کہ وہ ذاتی طور پر ورلڈکپ ٹیم میں وہاب ریاض اور محمد عامر کی کمی کو محسوس کریں گے۔