Recently Finished
Live Cricket
Upcoming Matches
View All Matches

سری لنکا میں ہونے والے دہشتگردی کے واقعات پر کرکٹرز کی جانب سے بھی افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔ سابق سری لنکن کپتان کمارا سنگاکارا کا اس واقعہ کے بعد کہنا ہے کہ سری لنکا ایک پرامن ملک ہے اور یہاں اس قسم کی دہشتگردی کا واقعہ بہت حیران کن ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو بھی دہشتگردی میں ملوث ہے وہ انسان کہلوانے کے قابل نہیں۔ کمار سنگاکارا نے اپنی حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس میں ملوث افراد کی چھان بین کی جائے اور سخت سے سخت ایکشن لیا جائے۔
سری لنکا کے سابق کپتان مہیلا جےوردنے نے اپنے پیغام میں لکھا کہ دس سال سے سری لنکا میں امن قائم تھا مگر پھر سے اس قسم کے واقعات کا ہونا بہت ہی افسوس کی بات ہے، میری دعائیں ان سب لوگوں کے ساتھ ہیں جو اس حادثے میں اپنی جان گنوا بیٹھے اور پورا ملک ان تمام خاندانوں کے ساتھ ہے جنہوں نے اس حادثے میں اپنے پیاروں کو کھویا۔
پاکستان ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے بھی اس افسوسناک واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ٹریننگ سے واپس آیا تو یہ خبر سنی اور بہت افسوس ہوا۔ اس مشکل گھڑی میں ہم سب سے سری لنکا کے ساتھ کھڑے ہیں۔ دوسری جانب بھارتی کپتان ویرات کوہلی کا کہنا ہے کہ سری لنکا میں ہونے والے واقعے کی خبر سن کر حیرانی ہوئی، میری دعا ان تمام لوگوں کے ساتھ ہیں جو دہشتگردی سے متاثر ہوئے۔