قذافی اسٹیڈیم لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان ٹیم کے فاسٹ بولر حسن علی کا کہنا تھا کہ صرف بھارت کے خلاف میچ نہیں ورلڈکپ جیتنا ہدف ہے، سینیئر کھلاڑی کی حیثیت سے دباؤ ضرور ہے مگر ایسا نہیں کہ دباؤ برداشت نہیں کر سکتا، چیمپئنز ٹرافی کی طرح اچھا پرفارم کروں گا۔ حسن علی نے کہا کہ ورلڈکپ میں صرف بھارت کے خلاف میچ نہیں ہے، آگے جانے کے لیے تمام ہی ٹیموں سے کھیلنا ہے اور جیتنا بھی ہے اس لیے ہر میچ میں جان ماریں گے، ہم کوئی جنگ نہیں بلکہ بھارت کے ساتھ میچ کھیلیں گے۔ سابق بھارتی کرکٹر ورندر سہواگ نے کچھ دن قبل بیان دیا تھا کہ پاکستان کے خلاف میچ کسی جنگ سے کم نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ ایشیا کپ میں اچھی پرفارمنس نہیں دے سکا مگر ورلڈکپ میں چیمپئنز ٹرافی کی کارکردگی دہرانے کی کوشش کروں گا۔ حسن علی نے مزید کہا کہ بھرپور تیاری کے ساتھ میگا ایونٹ میں جا رہے ہیں اور فٹنس پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔