پاکستان ٹیم کے اوپننگ بیٹسمین امام الحق نے قذافی اسٹیڈیم میں میڈیا ست گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہر کھلاڑی کا خواب ہوتا ہے کہ ورلڈکپ میں اپنے ملک کی نمائندگی کرے، یہ میرے لیے اعزاز کی بات ہے کہ مجھے میگا ایونٹ کھیلنے کا موقع مل رہا ہے اور میں پوری کوشش کروں گا اپنی ذمہ داری کو احسن طریقے سے انجام دوں۔
امام الحق نے کہا کہ ڈیڑھ سال سے ٹیم کے ساتھ ہوں، اب پریشر ہوتا ہے کہ ٹیم کو جتوانا ہے تو ذمہ داری بڑھ گئی ہے۔ صحافی نے سوال کیا کہ ورلڈکپ ٹیم میں آپ کی سلیکشن پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں تو انھوں نے کہا کہ جب سے میں نے ڈیبیو کیا ہے میری بیٹنگ اوسط 56 کی ہے اور پاکستان کا ٹاپ اسکورر ہوں۔
امام الحق نے مزید کہا کہ ورلڈکپ اسکواڈ کے لیے میں آٹومیٹک چوائس تھا، میری وجہ سے سلیکشن کمیٹی کو کوئی پریشر نہیں اٹھانا پڑا، میڈیا کی طرف سے دباؤ ڈالنے کی کوشش کی گئی لیکن سلیکٹرز اپنے فیصلے کے حوالے سے کلیئر تھے۔