آل راؤنڈر عماد وسیم قذافی اسٹیڈیم لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرنے آئے تو انھوں نے اپنی فٹنس کے حوالے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شاید یہ ورلڈکپ میرے کیریئر کا آخری ورلڈکپ ہو کیونکہ میں فٹنس مسائل سے دوچار ہوں لیکن اگر میرے جسم نے مجھے اجازت دی تو پرامید ہوں کہ اگلا ورلڈکپ بھی کھیلوں گا۔ ورلڈکپ کے لیے جب قومی اسکواڈ کا اعلان کیا گیا تو پریس کانفرنس کے دوران چیف سلیکٹر انضمام الحق نے اعتراف کیا تھا کہ عماد وسیم فٹنس ٹیسٹ پاس نہیں کر سکے لیکن وہ ٹیم کے اہم رکن ہیں اور مسلسل اچھی کارکردگی دکھا رہے ہیں جس وجہ سے انھیں ٹیم میں شامل کیا جا رہا ہے۔ عماد وسیم پاکستان کی طرف سے ابھی تک صرف 41 ون ڈے اور 34 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیل سکے ہیں۔ اس مختصر کیریئر میں انھوں نے بہت اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے لیکن فٹنس مسائل نے ان کا پیچھا نہیں چھوڑا۔