ویسٹ انڈیز کے مایہ ناز سابق کرکٹر اور کپتان برائن لارا نے کہا ہے کہ ہماری ٹیم ورلڈکپ کے سیمی فائنل مرحلے تک رسائی حاصل کر سکتی ہے لیکن اس کے لیے کیریبین ٹیم کو مستقل مزاجی کے ساتھ اچھی کرکٹ کھیلنا ہو گی۔ برائن لارا نے کہا کہ ویسٹ انڈیز نے ثابت کیا ہے کہ وہ بھارت اور انگلیںڈ جیسی ٹیموں کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ سابق ویسٹ انڈین کپتان نے کہا کہ جب ہمارا دن اچھا ہوتا ہے تو ہماری ٹیم کسی کو بھی شکست دے سکتی ہے لیکن اگلے ہی روز ہم افغانستان اور بنگلہ دیش سے ہار بھی سکتے ہیں جس سے نجات حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔ انھوں نے کہا کہ انگلینڈ اور بھارت تو لازمی سیمی فائنل کھیلیں گے جبکہ آسٹریلیا کے دو بیٹسمینوں (اسٹیو اسمتھ اور ڈیوڈ وارنر) کی واپسی کے بعد کینگروز کی ٹیم بھی مضبوط نظر آ رہی ہے۔