پاکستان ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹیم میں کسی بھی کھلاڑی کو ٹرمپ کارڈ قرار دینے سے انکار کر دیا اور کہا کہ ہماری ٹیم میں موجود تمام ہی کھلاڑی میچ جتوانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ انگلینڈ روانگی سے پہلے اپنی پریس کانفرنس میں سرفراز احمد نے کہا کہ کرکٹ ٹیم گیم ہے، اس میں ایک دو کھلاڑیوں پر انحصار نہیں کیا جا سکتا، ہم بحیثیت ٹیم اچھا کھیلیں گے پھر ہی کامیابی ملے گی۔
قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ ٹیم نے لاہور میں زبردست تیاری کی ہے اور انگلینڈ جا کر بھی تیاری کا موقع ملے گا اس لیے امید ہے کہ کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہو جائیں گے اور میگا ایونٹ میں اچھی پرفارمنس کا مظاہرہ کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ ہر کپتان کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ ملک کو ورلڈکپ جتوائے اور میری بھی یہی خواہش ہے کہ جو کام عمران خان نے 1992 میں کیا میں اسے دہراؤں۔
سرفراز احمد مزید نے کہا کہ ماضی قریب میں ہماری ون ڈے میں پرفارمنس اتنی اچھی نہیں رہی مگر یہ بھول کر اور نیا ہدف لے کر ہی میدان میں اتریں گے۔ بھارت سے میچ سے متعلق سوال پر کپتان نے کہا کہ صرف بھارت کے خلاف میچ اہم نہیں بلکہ ہر میچ اہم ہے، ہم نے چیمپئنز ٹرافی میں انھیں شکست دی اس لیے ہم انھیں پھر شکست دے سکتے ہیں۔