پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈکوچ مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ انگلینڈ میں بڑے اسکورز ہوں گے اور ہمارے پاس ایسی بیٹنگ لائن ہے جو پاور ہٹنگ کی کمی کو پورا کر سکتی ہے۔ انگلینڈ کے خلاف سیریز اور ورلڈکپ کے لیے انگلینڈ روانگی سے پہلے کپتان سرفراز احمد کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مکی آرتھر نے کہا کہ ہمارے پاس زبردست بیٹسمین ہیں، پاور ہٹنگ کی جہاں تک بات ہے ہم نے اس پر بہت کام کیا ہے اور یقین ہے کہ ورلڈکپ میں ہر چیز مکمل کر کے جا رہے ہیں۔
قومی ٹیم کے ہیڈکوچ نے کہا کہ ورلڈکپ میں کامیابی کی ضمانت نہیں دے سکتے مگر اتنا یقین دلاتا ہوں کہ بہترین پرفارمنس پیش کریں گے۔ مکی آرتھر نے مزید کہا کہ شاداب خان کا انگلینڈ کے خلاف سیریز سے باہر ہونا افسوسناک ہے، ہمیں امید ہے کہ وہ ورلڈکپ سے پہلے صحتیاب ہو کر ٹیم میں آ جائیں گے کیونکہ ان کا واپس آنا ہمارے کمبینیشن کے لیے بہت ضروری ہے۔