انڈین پریمیر لیگ کے بارہویں ایڈیشن میں راجستھان رائلز کی نمائندگی کرنے والے آسٹریلوی کرکٹر ایشٹن ٹرنر گزشتہ پانچ ٹی ٹوئنٹی میچز میں 'صفر' پر آؤٹ ہوئے اور چار مرتبہ انھیں پہلی گیند پر ہی پویلین لوٹنا پڑا۔ وہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی تاریخ کے پہلے ایسے بیٹسمین ہیں جنہوں نے لگاتار پانچ میچوں میں 'صفر' پر آؤٹ ہونے کی خفت اٹھائی۔
اس کا سلسلہ اس وقت شروع ہوا جب وہ بگ بیش لیگ میں پرتھ اسکارچرز کیجانب سے کھیلتے ہوئے ایڈیلیڈ اسٹرئیکرز کے خلاف صفر پر آؤٹ ہوئے۔ بھارت کے خلاف ہونے والے ٹی ٹوئنٹی میچ میں وہ پانچ گیندیں کھیلنے کے بعد بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے تھے۔
ایشٹن ٹرنر آئی پی ایل میں اب تک تین میچ کھیل چکے ہیں اور تینوں مرتبہ پہلی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ انڈین پریمیر لیگ کی تاریخ کے وہ چھٹے بیٹسمین ہیں جو لگاتار تین مرتبہ 'صفر' پر آؤٹ ہوئے ہوں۔