کرکٹ کے سب سے بڑے ٹورنامنٹ ورلڈکپ کے لیے ٹیم پاکستان کی کِٹ تیار کر لی گئی جس کی رونمائی انگلینڈ سے سیریز کے بعد انگلش سرزمین پر ہی کی جائے گی۔ پاکستان کرکٹ ٹیم نے انگلینڈ میں ڈیرے ڈال لیے ہیں جہاں گرین شرٹس کے پریکٹس سیشن جاری ہیں۔ کاؤنٹی ٹیموں کے خلاف میچز کے بعد انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان سیریز کا آغاز ہو گا۔ سیریز کا اختتام ورلڈکپ سے 12 روز قبل 19 مئی کو ہو گا اور پھر پاکستان کا مشن ورلڈکپ شروع ہو گا۔ انگلینڈ کے خلاف سیریز کے فوری بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کی ورلڈکپ کِٹ کی رونمائی کی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کِٹ کی رونمائی 20 مئی کو ہو گی۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کی ورلڈکپ کِٹ رونمائی میں چیئرمین پی سی بی احسان مانی بھی موجود ہوں گے۔