سابق آسٹریلوی آل راؤنڈر شین واٹسن کو انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہوئے تو کافی عرصہ گزر چکا جس کے بعد انھوں نے دنیا بھر میں ہونے والی ٹی ٹوئنٹی لیگز کھیلنا شروع کیں لیکن اب شین واٹسن نے ان لیگز کو بھی خیرباد کہنا شروع کر دیا ہے۔ سب سے پہلے انھوں نے اپنے ملک میں ہونے والی بگ بیش لیگ چھوڑنے کا اعلان کیا ہے۔ بگ بیش لیگ سے ان کی ریٹائرمنٹ کے بعد پاکستانی شائقین کرکٹ کے ذہنوں میں ایک سوال گھوم رہا ہے کہ کیا وہ اگلی پی ایس ایل کھیلیں گے؟ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی انتظامیہ نے جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ شین واٹسن آئندہ سال ہونے والی پی ایس ایل میں ایکشن میں نظر آئیں گے۔ آسٹریلوی آل راؤنڈر پہلے دو سیزن میں اسلام آباد یونائیٹڈ کا حصہ رہے جبکہ اگلے دو ایڈیشنز میں انھوں نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کی۔ وہ پی ایس ایل کے 37 میچز میں 33.75 کی اوسط سے 1,114 رنز اسکور کر چکے ہیں۔