انگلینڈ کے سابق کپتان ناصر حسین نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے بہت زیادہ مداح یہ کہتے ہیں کہ انھوں نے اتنے لمبے عرصے سے اپنی ٹیم کو سپورٹ کیا اور کافی مرتبہ ان کے دل ٹوٹے۔ ناصر حسین نے کہا کہ میں ان تمام شائقین سے محبت کرتا ہوں اور پاکستان کرکٹ سے بھی مجھے بہت پیار ہے۔ سابق انگلش کپتان نے کہا کہ پاکستان ٹیم سے محبت کرنے کی وجہ یہ ہے کہ وہ ایک لمحے میں سب کچھ تبدیل کر دیتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ آپ کو کبھی معلوم نہیں ہوتا کہ آج پاکستان ٹیم کس طرح کھیلے گی۔ چیمپئنز ٹرافی 2017 کے فائنل میں ناصر حسین جب بھارتی کپتان ویرات کوہلی آؤٹ ہوئے تھے تو انھوں نے کہا کہ یہی پاکستان کی بہترین کرکٹ ہے جو ایک لمحے میں گر جاتی ہے اور اگلے لمحے اٹھ جاتی ہے۔ انھوں نے یہ الفاظ اس لیے بولے تھے کیونکہ اس سے پچھلی گیند پر ہی ویرات کوہلی کا کیچ ڈراپ ہوا تھا۔