پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈکوچ مکی آرتھر نے کہا ہے کہ آل راؤنڈر محمد حفیظ انگلش ٹیم کے خلاف پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے لیے دستیاب ہوں گے۔ مکی آرتھر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محمد حفیظ کی بیٹنگ اور بولنگ ہمارے لیے فائدہ مند ہے اور وہ اپنی فٹنس پر بھرپور توجہ دے رہے ہیں۔
ہیڈ کوچ نے پریکٹس سیشن کے بعد کہا کہ ہم نے لاہور میں بھرپور تیاری کی، انگلینڈ کے سرد موسم میں بھی تیاری جاری ہے اور کینٹ کاؤنٹی کے خلاف پریکٹس میچ کے لیے تیاری مکمل ہے۔ انھوں نے کہا کہ بہترین کمبینیشن کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔
واضح رہے کہ محمد حفیظ پی ایس ایل فور کے آغاز میں ہی انجری کا شکار ہو گئے تھے۔ اس کے بعد وہ آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز نہیں کھیل سکے تھے لیکن اب ان کی انگلینڈ کے خلاف سیریز اور ورلڈکپ کے لیے قومی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔