پاکستانی ٹیسٹ ٹیم کے تجربہ کار بیٹسمین اظہر علی نے انگلینڈ میں جاری رائل لندن ون ڈے کپ میں شاندار سنچری اسکور بنا ڈالی۔ انگلش کاؤنٹی سیزن میں اظہر علی سمرسیٹ کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ اظہر علی نے بطور اوپنر کھیلتے ہوئے ایسیکس کے خلاف 93 گیندوں پر 110 رنز کی زبردست اننگز کھیلی جس میں نو چوکے اور چار چھکے بھی شامل تھے۔
ان کے ساتھی کھلاڑی پیٹر ٹریگو نے بھی سنچری اسکور کی اور دونوں کھلاڑیوں نے 200 سے زائد رنز کی شراکت قائم کی۔ سنچری کے ساتھ اظہر علی نے اپنے لسٹ اے کیریئر میں 6 ہزار رنز بھی مکمل کر لیے ہیں۔ اظہر علی اور ٹریگو کی سنچریوں کی بدولت سمرسیٹ نے ایسیکس کو 354 رنز کا ہدف دیا۔
بارش کی مداخلت کے باعث سمرسیٹ نے میچ میں 34 رنز سے کامیابی حاصل کی۔ سمرسیٹ کے گزشتہ میچ میں بھی اظہر علی نے 68 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔