بلند جذبے کے ساتھ قومی ویمن کرکٹ ٹیم جنوبی افریقہ روانہ ہو گئی۔ روانگی سے پہلے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کپتان بسمہ معروف نے جیت کا عزم ظاہر کیا۔ بسمہ معروف نے کہا کہ کراچی میں لگنے والے ٹریننگ کیمپ میں لڑکیوں نے بھرپور تیاری کی ہے اور امید ہے کہ اچھے نتائج سامنے آئیں گے۔ انھوں نے کہا کہ ہم نے کیمپ میں اپنی خامیاں دور کرنے کی کوشش کی اور جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں کم غلطیاں نظر آئیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ جنوبی افریقی ٹیم مضبوط ہے اور شائقین کو اچھے مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔ گرین شرٹس میزبان کیخلاف تین ون ڈے میچز کھیلنے کے بعد 5 میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز بھی کھیلے گی۔ اس کا مقصد اگلے برس 21 فروری سے 8 مارچ تک شیڈول آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی تیاری ہے۔