لیگ اسپنر یاسر شاہ کو شاداب خان کے متبادل کھلاڑی کے طور پر دورہ انگلینڈ کے لیے ٹیم میں شامل کیا گیا ہے مگر ان کی حالیہ کارکردگی پر نظر ڈالی جائے تو وہ پی ایس ایل کے چوتھے ایڈیشن میں مکمل طور پر ناکام ہوئے۔ لاہور قلندرز کی جانب سے کھیلتے ہوئے یاسر شاہ نے پانچ میچوں میں 45.33 کی اوسط سے صرف تین وکٹیں حاصل کیں۔ انتہائی خراب کارکردگی کے باوجود یاسر شاہ آسٹریلیا کے خلاف پانچ ایک روزہ میچوں کے لیے ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے اور وہاں بھی وہ ٹیم کے لیے سودمند ثابت نہ ہو سکے۔ انھوں نے پانچ میچوں میں 70.75 کی اوسط سے صرف چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ کینٹ کاؤنٹی ٹیم کے خلاف پہلے پریکٹس میچ میں یاسر شاہ نے تین وکٹیں تو حاصل کیں مگر اپنے دس اوورز میں 90 رنز بھی دیے اور سب سے مہنگے باولر ثابت ہوئے۔ یاسر شاہ کی اس ناقص کارکردگی کے بعد شائقین کرکٹ مطالبہ کر رہے ہیں کہ انھیں انگلینڈ کے خلاف سیریز نہ کھیلائی جائے۔