قومی ٹیم کے تجربہ کار آل راؤنڈر شعیب ملک کو ورلڈکپ میں غیراعلانیہ طور پر ٹیم کا نائب کپتان مقرر کیا گیا ہے۔ کسی بھی وجہ سے اگر سرفراز احمد کوئی میچ نہیں کھیل پائے تو شعیب ملک ہی ٹیم کی قیادت کے فرائض انجام دیں گے۔ ایک انٹرویو میں شعیب ملک کا کہنا تھا کہ وہ تو کپتانی کرنا ہی نہیں چاہتے۔ ان کا کہنا تھا کہ جتنا کپتانی سے دور بھاگتا ہوں اتنی ہی مجھے اس کی ذمہ داری سونپی جاتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ میں نہیں چاہتا تھا کہ ورلڈکپ میں مجھ پر نائب کپتانی کی ذمہ داری ڈالی جائے مگر سلیکٹرز اور کوچ ان تمام معاملات کو مجھ سے بہتر جانتے ہیں۔ شعیب ملک نے مزید کہا کہ اگر سلیکٹرز نے یہ فیصلہ کیا ہے تو درست ہی ہو گا۔ آل راؤنڈر کا کہنا ہے کہ بہتر نتائج کیلئے جو ممکن ہوا وہ سب کروں گا، یہ میرا آخری ورلڈکپ ہے، میرا ہدف ہے کہ اچھی کارکردگی پیش کروں اور ٹیم کو فتح دلاؤں۔