ماضی کے ساتھی کرکٹرز اور اچھے دوست سمجھے جانے والے پاکستان کے دو سابق کپتانوں میں ڈومیسٹک کرکٹ کے نئے ماڈل کو لے کر اختلافات سامنے آئے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان ملک میں چھ ٹیموں پر مشتمل ڈومیسٹک نظام نافذ کرنے کے خواہشمند ہیں اور ڈیپارٹمنٹ کرکٹ کو ختم کرنا چاہتے ہیں لیکن جاوید میانداد نے ان کی اس تجویز کی مخالفت کر دی ہے۔ جاوید میانداد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے اپنے سابق کپتان عمران خان کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ آپ نے خود ڈیپارٹمنٹ کرکٹ کھیلی ہے اور آپ اچھے روزگار کے لیے کاؤنٹی کرکٹ کھیلتے تھے۔ انھوں نے کہا کہ ڈیپارٹمنٹس کی جانب سے کھلاڑیوں کو سپورٹ ملتی ہے، کوئی اسپورٹس مین بیرون ملک ہونے والے ایونٹس میں اس وقت تک شرکت نہیں کر سکتا جب تک کوئی اس کی مالی مدد نہ کرے۔