بھارتی کپتان ویرات کوہلی کے لیے سنچری بنایا ایک ہاتھ کا کھیل لگتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ 227 ون ڈے میچز کھیلنے کے بعد وہ 41 سنچریاں اسکور کر چکے ہیں۔ اس کے برعکس اگر پاکستان کی ورلڈکپ ٹیم پر نظر ڈالی جائے تو قومی ٹیم کے تمام بیٹسمینوں کی مجموعی طور پر 41 سنچریاں بنتی ہیں۔ پاکستان کی ورلڈکپ ٹیم میں شامل تجربہ کار آل راؤنڈر محمد حفیظ نے ون ڈے کرکٹ میں 11 جبکہ شعیب ملک نے 9 سنچریاں اسکور کی ہیں۔ مڈل آرڈر بیٹسمین بابر اعظم نے 59 ون ڈے میچوں میں 8 سنچریاں بنا رکھی ہیں۔ 24 ون ڈے میچز کھیلنے کے بعد اوپننگ بیٹسمین امام الحق کی سنچریوں کی تعداد 5 ہے۔ فخر زمان نے اپنے ون ڈے کیریئر میں تین سنچریاں اسکور کی ہیں جس میں چیمپئز ٹرافی 2017 کے فائنل میں بنائی گئی سنچری کو خاص اہمیت حاصل ہے۔ حارث سہیل اور کپتان سرفراز احمد کی دو، دو جبکہ عابد علی نے ون ڈے فارمیٹ میں ایک سنچری اسکور کی ہے۔