بھارتی کرکٹ بورڈ کی ایڈوائزری کمیٹی میں شامل رہنے کے ساتھ ممبئی انڈینز کے لیے کام کرنے پر بھارت کے لیجنڈری سابق کرکٹر سچن ٹنڈولکر کو بی سی سی آئی کی جانب سے مفادات کے ٹکراؤ کا نوٹس بھیجا گیا تھا جس میں ان سے جواب طلب کیا گیا تھا۔ سچن ٹنڈولکر نے اپنا جواب بھارتی بورڈ کو جمع کروا دیا ہے۔
سابق کرکٹر نے بھارتی بورڈ کو جواب میں کہا ہے کہ وہ ممبئی انڈینز سے ایک پیسہ نہیں لیتے اور نہ ہی ممبئی انڈینز کی فیصلہ سازی میں ان کا کوئی کردار ہے۔ سچن ٹنڈولکر نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کے پاس ممبئی انڈینز میں کوئی عہدہ بھی نہیں ہے اس لیے مفادات کے ٹکراؤ کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔
اسی کیس میں سچن ٹنڈولکر کے ساتھ وی وی ایس لکشمن کو بھی نوٹس جاری کیا گیا تھا لیکن انھوں نے ابھی تک اپنا جواب جمع نہیں کروایا۔ لکشمن کرکٹ ایڈوائزی کمیٹی کے رکن ہیں اور وہ سن رائزرز حیدرآباد کے ساتھ بھی کام کر رہے ہیں۔