بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹسمین مشفیق الرحیم اس سال اپنا چوتھا ورلڈکپ کھیلیں گے اور اس مرتبہ وہ بنگلہ دیشی ٹیم کی جانب سے شاندار کارکردگی کے لیے پرجوش ہیں۔ اپنے ایک انٹرویو میں ورلڈکپ جیتنے کے سوال پر مشفیق الرحیم نے کہا کہ یہ مشکل کام ضرور ہے مگر ناممکن نہیں۔
انھوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے ہماری ٹیم ورلڈکپ جیتنے کی صلاحیت رکھتی ہے اگر ہم ناک آؤٹ مرحلے میں پہنچ گئے تو کچھ بھی ہو سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ بنگلہ دیش کی سب سے مضبوط ٹیم ہے اور مجھے ایسا لگ رہا ہے کہ کوئی بڑی کامیابی ہمارا انتظار کر رہی ہے۔ مشفیق الرحیم نے مزید کہا کہ اس ورلڈکپ کا فارمیٹ مشکل ضرور ہے لیکن میں سمجھتا ہوں کہ یہ فارمیٹ بنگلہ دیش کے لیے زیادہ موزوں رہے گا۔