آسٹریلوی بیٹسمین گلین میکسویل نے آئندہ ماہ سے شروع ہونے والے ورلڈکپ میں بڑے اسکورز کی پیشگوئی کر دی ہے۔ گلین میکسویل اس وقت انگلینڈ میں لنکاشائر کاؤنٹی ٹیم کی نمائندگی کر رہے ہیں اور انھوں نے رائل لندن ون ڈے کپ میں بڑے اسکور دیکھے ہیں۔
ایک انٹرویو میں میکسویل نے بولرز کو وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ انگلینڈ میں وکٹس بیٹنگ کے لیے بہت اچھی ہیں اور آؤٹ فیلڈ بھی بہت تیز ہے اس لیے میرے خیال میں ورلڈکپ میں 400 رنز ایک عام بات ہو گی۔
انھوں نے بولرز سے ہمدردی بھی ظاہر کی اور کہا کہ اسکور بہت زیادہ بھی نہیں ہونا چاہیے کیونکہ پھر بولرز مشکلات کا شکار ہو جاتے ہیں۔ گلین میکسویل کا مزید کہنا تھا کہ ورلڈکپ کے لیے اپنی انفرادی تکنیک پر کام کر رہا ہوں اور امید ہے کہ اچھی پرفارمنس دینے میں کامیاب ہوں گا۔ آسٹریلیا عالمی کپ میں اپنے سفر کا آغاز یکم جون کو افغانستان کے خلاف میچ سے کرے گا۔