انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے ایلکس ہیلز کو مسلسل دوسری مرتبہ ڈرگ ٹیسٹ میں ناکام ہونے کے بعد انگلش ٹیم کے ورلڈکپ اسکواڈ سے باہر کر دیا گیا ہے جبکہ وہ پاکستان اور آئرلینڈ کے خلاف بھی ایکشن میں نظر نہیں آئیں گے۔
ایک طرف جہاں ایلکس ہیلز کو ٹیم سے نکالا گیا وہیں دوسری جانب انگلینڈ کرکٹ بورڈ کے مینجنگ ڈائریکٹر ایشلے جائلز نے ایلکسں ہیلز کی حمایت میں اپنا بیان جاری کر دیا ہے۔
ایشلے جائلز نے کہا ہے کہ میں واضح کرنا چاہتا ہوں کہ بورڈ کی جانب سے لیے گئے فیصلے سے ایلکس ہیلز کا کیرئیر ختم نہیں ہو گا۔ انھوں نے کہا کہ چار سال کی محنت کے بعد ہم انگلینڈ ٹیم کا بہتر کمبینیشن بنانے میں کامیاب ہوئے تھے لیکن ایلکس ہیلز کو یوں ورلڈکپ سے باہر کرنا بہت مشکل فیصلہ تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ انگلینڈ کرکٹ بورڈ ایلکس ہیلز کو مشکل وقت میں سپورٹ کرے گا۔