پاکستان نے دورہ انگلینڈ کا آغاز شاندار انداز میں کیا ہے۔ شاہینوں نے پہلے ٹور میچ میں کینٹ کاؤنٹی ٹیم کو شکست تو دوسرے میچ میں نارتھیمپٹن شائر کی لنکا ڈھا دی۔ پاکستان کے بیٹسمینوں کی دونوں پریکٹس میچز میں کارکردگی شاندار رہی۔ خدشہ ظاہر کی جا رہا تھا کہ انگلینڈ کی کنڈیشنز میں اوپننگ بیٹسمین امام الحق مشکلات کا شکار ہو جائیں گے لیکن انھوں نے ان پریکٹس میچز میں اطمینان بخش بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ نارتھیمپٹن شائر کے خلاف ٹور میچ میں امام الحق نے 79 گیندوں پر 71 رنز کی زبردست اننگز کھیلی جس میں پانچ چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔ کینٹ کاؤنٹی کے خلاف میچ میں انھوں نے 47 گیندوں پر 39 رنز اسکور کیے تھے۔ امام الحق نے ثابت کیا ہے کہ وہ مشکل کنڈیشنز میں بیٹنگ کرنا جانتے ہیں اور وہ ورلڈکپ کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔