پاکستان کے سابق کپتان وسیم اکرم کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کی کنڈیشنز کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے ورلڈکپ کے لیے محمد عامر میری پہلی چوائس ہوتے کیونکہ وہاں ان کی کارکردگی اچھی رہی ہے۔ وسیم اکرم نے کہا کہ ایک دفعہ محمد عامر اپنے ردھم میں واپس آ گئے تو مجھے یقین ہے کہ وہ سب بیٹسمینوں کو پریشان کر دیں گے۔
محمد عامر کو چیمپئنز ٹرافی کے بعد ناقص پرفارمنس دکھانے کی وجہ سے ورلڈکپ ٹیم سے ڈراپ کیا گیا۔ چیمپئنز ٹرافی فائنل کے بعد محمد عامر نے 14 ون ڈے میچز کھیلے اور صرف چار وکٹیں حاصل کیں۔ محمد عامر کے پاس ابھی بھی موقع ہے کہ وہ انگلینڈ کے خلاف سیریز میں اچھی بولنگ کا مظاہرہ کر کے ورلڈکپ ٹیم میں جگہ بنا لیں۔
انھوں نے کہا کہ محمد عامر بہت جلدی سیکھتے ہیں اس لیے مجھے امید ہے کہ وہ جلد اچھا پرفارم کریں گے کیونکہ پاکستان کو ان کی ضرور ہے۔ پاکستان کی ورلڈکپ ٹیم میں تجربے کی کمی پر وسیم اکرم نے کہا کہ میں بھی اس حق میں ہوں کہ نوجوانوں کو موقع ملنا چاہیے لیکن تجربے کا کوئی نعم البدل نہیں ہے۔