بھارت کے عظیم سابق بیٹسمین سچن ٹنڈولکر کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کی کنڈیشنز مہمان ٹیموں کے بیٹسمینوں کو زیادہ پریشان نہیں کریں گی۔ سچن ٹنڈولکر نے کہا کہ ورلڈکپ کے دوران انگلینڈ کا موسم گرم ہو گا اور گرم موسم کے باعث وکٹیں یقیناً "فلیٹ (سیدھی)" ہوں گی جو کہ بیٹسمینوں کے لیے مددگار ثابت ہوں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر موسم میں کوئی تبدیلی ہوئی یا بارش کا سلسلہ شروع ہوا تو یہ بولرز کیلئے بہت اچھا ہو گا۔ انھوں نے کہا کہ چمپیئنز ٹرافی 2017 کے تقریباً تمام میچز بڑے اسکور ہوئے اور بیٹسمینوں نے بھی خوب رنز اسکور کیے تھے۔ سچن ٹنڈولکر نے مزید کہا کہ اگر ورلڈکپ میں چیمپئنز ٹرافی کی طرح وکٹیں تیار ہوئیں تو وہ بھارتی ٹیم کیلئے بہت مددگار ثابت ہوں گی۔ انھوں نے دعویٰ کیا کہ بھارت کے ورلڈکپ جیتنے کے امکانات میزبان ٹیم انگلینڈ سے زیادہ ہیں۔