ٹاپ اور مڈل آرڈر کی ناکامی کے باوجود انگلش ٹیم آئرلینڈ کے خلاف واحد ون ڈے میچ میں شکست سے بچ گئی۔ انگلینڈ اور آئرلینڈ کے مابین واحد ون ڈے میچ ڈبلن میں کھیلا گیا۔ انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور آئرلینڈ کی ٹیم 43.1 اوورز میں 198 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ لیام پلنکٹ نے کیریئر کی بہترین بولنگ کرتے ہوئے 7 اوورز میں 35 رنز دے کر مخالف ٹیم کے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
انگلینڈ کی پہلی وکٹ 34 رنز پر گری تو ٹیم کا مڈل آرڈر بری طرح ناکام ہو گیا اور 5 کھلاڑی 66 کے اسکور پر پویلین لوٹ چکے تھے۔ اپنا پہلا میچ کھیلنے والے بین فوکس نے 61 رنز کی شاندار اننگز کھیلتے ہوئے انگلینڈ کو چار وکٹوں سے کامیابی دلائی۔
اس میچ میں جوفرا آرچر، ڈیوڈ مالان اور بین فوکس نے انگلینڈ کی جانب سے ون ڈے ڈیبیو کیا۔ جوفرا آرچر نے اپنے ڈیبیو پر خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کیا اور وہ صرف ایک ہی کھلاڑی کو آؤٹ کر سکے۔