انگلینڈ کی ون ڈے ٹیم کے کپتان این مورگن نے اوپننگ بیٹسمین ایلکس ہیلز کو ورلڈکپ ٹیم سے باہر نکالنے کے فیصلے کو درست قرار دے دیا ہے۔ این مورگن کا کہنا ہے کہ ایلکس ہیلز نے جو حرکت کی وہ قابل قبول نہیں، ہم گزشتہ 18 ماہ سے ورلڈکپ ٹیم کا کمبینیش تیار کر رہے تھے، میگا ایونٹ سے قبل ہیلز کے ٹیم سے باہر ہونے کی وجہ سے ٹیم کا ماحول بھی متاثر ہوا۔
انگلش کپتان نے بتایا کہ ہیلز کی خبر سنی تو میں نے ٹیم کے سینیئر کھلاڑیوں کے ساتھ ایک میٹنگ کی اور میٹنگ میں موجود 6 سینیئر کھلاڑیوں کی رائے لی۔ انھوں نے کہا فیصلے لینے کا اختیار کھلاڑیوں کے پاس نہیں تھا مگر ایشلے جائلز کے فیصلے پر تمام ہی کھلاڑی متفق ہیں اور ایلکس ہیلز کی عدم موجودگی سے ٹیم کی کارکردگی پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔