بھارتی فاسٹ بولر ورون ارون نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ ورلڈکپ میں ہماری ٹیم پاکستان سے اچھی ہے اس لیے کسی کو کوئی شک نہیں ہونا چاہیے کہ ہم یہ میچ نہیں جیت سکتے۔ ورون ارون نے کہا کہ گزشتہ کچھ عرصے میں بھارت نے آسٹریلیا کے خلاف اچھی کرکٹ کھیلی ہے، آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان ہونے والے میچز کی وجہ سے پاک-بھارت معرکوں کی اہمیت ختم ہو رہی ہے۔ ورون ارون نے پاکستان اور بھارتی کرکٹرز کے تعلقات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ میدان سے باہر دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کی اچھی دوستی ہے۔ انھوں نے کہا کہ بیشک ہم دو مختلف ممالک سے تعلق رکھتے ہیں لیکن ہم بھائیوں کی طرح ہیں۔ بھارتی فاسٹ بولر نے مزید کہا کہ دونوں ٹیموں کے کھلاڑی ایک دوسرے سے پنجابی زبان میں بات کرتے ہیں۔