شاہد آفریدی نے اپنی کتاب میں شعیب ملک کو کپتان بنانے کے فیصلے پر تنقید کی اور لکھا ہے کہ شعیب ملک کو جس وقت کپتانی دی گئی وہ اس وقت قیادت کے اہل نہیں تھے۔ سیالکوٹ میں ایک تقریب کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کامران اکمل نے کہا کہ شعیب ملک اور میں نے ساتھ کرکٹ شروع کی۔ کامران اکمل نے کہا کہ شاہد آفریدی کی اپنی رائے ہے مگر شعیب ملک ایک اچھے کپتان تھے، وہ سینیئرز سے مشورہ بھی لیا کرتے تھے اور جو پاکستان ٹیم کے لیے بہتر ہوتا تھا وہی کرتے تھے۔ ورلڈکپ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ یہ ورلڈکپ ہے اور ہمیں بھارت کے میچ پر زیادہ فوکس کرنے کے بجائے تمام میچز پر فوکس کرنا چاہیے، اگر ہم مثبت کرکٹ کھیلیں تو جیت مقدر بنے گی۔ کامران اکمل نے مزید کہا کہ گزشتہ برسوں میں پاکستان کی ون ڈے فارمیٹ میں پرفارمنس بہتر نہیں رہی، انگلینڈ کے خلاف سیریز میں کامیابی حاصل کی تو ورلڈکپ میں ضرور کام آئے گی۔