آئی سی سی نے پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ہونے والے واحد ٹی ٹوئنٹی میچ کے بعد پلیئرز کی نئی رینکنگ جاری کر دی ہے۔ پاکستان کے عماد وسیم آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی بولنگ رینکنگ میں دوسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔ عماد وسیم نے واحد ٹی ٹوئنٹی میچ میں چار اوورز میں صرف 24 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی تھی جس کے بعد انھوں نے رینکنگ میں شاداب خان اور انگلینڈ کے عادل رشید کو پیچھے چھوڑ دیا۔
باولنگ رینکنگ میں راشد خان کی پہلی پوزیشن برقرار ہے۔ شاداب خان تنزلی کے بعد تیسرے اور عادل رشید چوتھے نمبر پر چلے گئے۔ انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میچ میں 65 رنز بنانے والے بابر اعظم کو 11 پوائنٹس ملے جس کے بعد بیٹنگ رینکنگ میں ان کی پہلی پوزیشن مزید مضبوط ہو گئی۔ پاکستان کے خلاف فتح کے بعد انگلش ٹیم آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں دوسرے نمبر پر آ گئی جبکہ پاکستان کی پہلی پوزیشن برقرار ہے۔