ساؤتھ افریقہ ویمن ٹیم کے خلاف پہلے ون ڈے میچ میں قومی ویمن ٹیم نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو ٹیم کے حق میں درست ثابت ہوا۔ ثناء میر کی زبردست بولنگ کے سامنے ساؤتھ افریقہ کی ٹیم 63 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ ثناء میر نے 11 رنز دے کر چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
پاکستان نے مطلوبہ ہدف 14.4 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ یہ پاکستان ویمن ٹیم کی ساؤتھ افریقہ کے خلاف ان کی سرزمین پر پہلی کامیابی تھی۔
ثناء میر کو شاندار بولنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ سابق کپتان کی بولنگ پرفارمنس کو ٹویٹر صارفین نے بہت سراہا۔ ویمن ون ڈے کرکٹ میں ثناء میر کی وکٹوں کی تعداد 145 ہو گئی ہے۔ وہ اسپنرز کیجانب سے سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والی بولرز کی فہرست میں تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔